مہر خبررساں ایجنسی نے فاس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اقوام متحدہ میں روسی نمائندے کے معاون دمتری یولیاونسکی نے کہا ہے کہ یوکرائینی صدر زیلنسکی سے زیادہ مغربی حکام پر یوکرائنی بحران کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مغرب عالمی معاملات میں اپنی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے ہر قسم کا جرم کرنے کو تیار ہے اور "باغ" کو محفوظ رکھنے اور باقی دنیا کو "جنگل" کی صورت میں باقی رکھنے کے لئے تمام قوانین کو پاؤں تلے روندنے سے دریغ نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ جوزف بورل نے گزشتہ اکتوبر میں بیلجیئم میں ایک تعلیمی مرکز کے افتتاح کے دوران کہا تھا کہ یورپ ایک باغ ہے۔ ہم سب نے مل کر یہ باغ بنایا ہے۔ اس باغ میں سیاسی آزادی، معاشی ترقی اور سماجی یکجہتی کا بہترین امتزاج ہے۔ بلاشبہ باقی دنیا واقعی باغ نہیں ہے۔ دنیا کا بیشتر حصہ ایک جنگل ہے جہاں رہنے والے اس باغ پر حملہ کرتے ہیں۔
روسی اعلی سفارتکار نے کہا کہ یقین کریں مغرب یوکرائن کے حالات کا زیادہ ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرائنی حکومت مغربی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے ہزاروں جوانوں کو مشرقی اور جنوبی محاذوں پر بھیج رہی ہے۔ مغربی حکمرانوں کو اطمینان دلانے کی بے سود کوشش کی جارہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یوکرائنی فوج کو کافی جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔
آپ کا تبصرہ